ایم بی بی ایس میں 83 فیصد نمبرات سے کامیاب
دبئی (نامہ نگار): ضلع رتناگری کے شہر داپولی سے تعلق رکھنے والے دبئی میں مقیم، مقتدر کاروباری شخصیت جناب ولید عبداللہ رکھانگے اور محترمہ شگفتہ شیخ کی صاحبزادی، ادیبہ رکھانگے نے دبئی میڈیکل یونیورسٹی سے 83 فیصد نمبروں کے ساتھ ایم بی بی ایس میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا، اپنے دادا مرحوم عبداللہ عثمان رکھانگے، اپنے اہل و عیال اور خطہ کوکن کا نام روشن کیا ہے۔
دخترِ کوکن ادیبہ رکھانگے کی تعلیم ممبئی، سعودی عرب اور دبئی کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مکمل ہوئی۔ فی الحال، ادیبہ دبئی کے ہسپتالوں میں اپنی انٹرنشپ مکمل کر رہی ہیں اور مستقبل میں پیڈیاٹرک نیورولوجی میں اسپیشلائزیشن کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، ادیبہ کلینیکل ریسرچ میں بھی سرگرم ہیں اور ان کی کئی سائنسی تحریریں شائع ہوچکی ہیں۔
ادیبہ نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیاب ہیں بلکہ سماجی خدمات میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ دبئی میڈیکل یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین اور “پریرنا انیشیٹو” کے تحت ‘دی ٹیک کیئر کلب’ کی سربراہ رہ چکی ہیں۔ یہ انیشیٹو انڈین قونصلیٹ کے سرپرستی میں خصوصی ضروریات والے بچوں (Child With Special Needs) کی دیکھ بھال اور ان کے اہل خانہ کی مدد کرتا ہے۔
اس کے علاوہ، ادیبہ نے اپنی یونیورسٹی میں لینگویج کلب کی بنیاد رکھی جس کا مقصد میڈیکل طلبہ کے درمیان مختلف زبانوں کی مہارت کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ متنوع مریضوں کی بہترین خدمت کرسکیں۔ اس کلب کی سرگرمیوں میں عربی-اردو/ہندی تعلیم، اشاروں کی زبان کے سیشنز اور مختلف تربیتی پروگرام شامل ہیں۔
ادیبہ کی کامیابی کے اس پرمسرت موقع پر، ضلع رتناگری کے معروف سیاسی و سماجی رہنما، ادیبہ کے چچا جناب خالد رکھانگے، شاہد رکھانگے، ساجد رکھانگے اور داپولی تعلیمی حلقے کی معزز شخصیات، عزیز و اقارب اور مسلم سماج کے تمام افراد کی جانب سے ادیبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد، دعائیں اور نیک خواہشات پیش کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ادیبہ کی یہ کامیابی صرف ان کی محنت کا نتیجہ ہی نہیں بلکہ نسل نو کے لیے ایک مثال ہے اور طلباء نیز پورے خطہ کوکن کے لیے مشعل راہ ہے۔