طلباء اور انتظامیہ ان کی گراں قدر خدمات کو یاد رکھیں گے
پنویل (محمد حسین ساحل): رائگڈھ ضلع پریشد اردو اسکول بارہ پاڑا تعلقہ پنویل ضلع رائگڈھ میں اپنی عمر کی 58 سال مکمل ہونے پر 31 جنوری 2025 بروز جمعہ کو سبکدوش ہوئیں۔ اساتذہ اور طلباء نے انھیں اشکبار آنکھوں سے الوداع کیا۔
محترمہ نے 20 اگست 1986 کو جنجیرہ مروڈ تعلقہ میں رائگڈھ ضلع پریشد اردو اسکول نادگاؤں سے پیشۂ درس و تدریس کا آغاز کیا اور 30 سال کی تدریسی خدمات انجام دینے پر محترمہ کا تبادلہ رائگڈھ ضلع پریشد اردو اسکول بارہ پاڑا میں ہوا، جہاں محترمہ نے سبکدوش ہونے تک اپنی تدریسی خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر تعلیمی انتظامی کمیٹی اور بارہ پاڑا ایجوکیشن ٹرسٹ نے محترمہ کی تعلیمی خدمات، شفیق استانی اور طلبہ کے تئیں کی گئی کاوشوں کے اعتراف میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔
کوکن کے مشہور شاعر و مصنف محترم سیف اللہ سیف، جن کا شعری مجموعہ “سیف القلم” منظر عام پر آ چکا ہے اور جو درس و تدریس کے دوران محترمہ فیضہ عظیم ملا کے صدر مدرس بھی رہ چکے ہیں، نے محترمہ کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے نظم “فیضانِ فیضہ” پیش کی۔ بعد ازاں بعنوان “وارث لوح و قلم فیضہ آپا” سپاسنامہ پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔
تقریب میں ابراہیم جولے اور عبداللہ دلوی نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔ محترمہ فیضہ آپا نے اپنے تاثرات و تجربات کا اظہار کرتے ہوئے اہلیان نادگاؤں و اہلیان بارہ پاڑا کی تعریف کی۔
تقریب کی صدارت سابق ہیڈ ماسٹر اور اردو ادب دوست محترم یوسف دالوی نے کی۔ خطبۂ صدارت کے بعد ظہرانے کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔