والدین کے خواب کی تعبیر
چپلون (فیروزه تسبیح): کوکن سے تعلق رکھنے والے ملک کے معروف کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر نذیر جوالے اور ڈاکٹر نرگس جوالے کے نورِ نظر، ڈاکٹر نوید نذیر جوالے نے سیٹھ جی ایس میڈیکل کالج اور کے ای ایم اسپتال ممبئی سے سپر اسپیشلٹی ڈی ایم کارڈیالوجی کا امتحان شاندار کامیابی سے پاس کر لیا ہے۔
یہ غیر معمولی کامیابی ڈاکٹر نوید کی سخت محنت، انتھک لگن اور پختہ عزم کا نتیجہ ہے۔ والدین کے لیے یہ لمحہ بے حد مسرت بخش ہے، جنہوں نے ہمیشہ اپنے بیٹے کی ترقی کے لیے دعا کی اور اس کی رہنمائی کی۔ ڈاکٹر نذیر اور ڈاکٹر نرگس جوالے کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا ان کے دیرینہ خواب کی تعبیر بن گیا ہے، اور وہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ نوید نے کارڈیولوجی کے شعبے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
یہ کامیابی ڈاکٹر نوید کی محنت، استقامت اور والدین کی اعلیٰ تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر نذیر جوالے، جو کہ ایک کہنہ مشق کارڈیولوجسٹ ہیں، خدمتِ خلق کے لیے پہچانے جاتے ہیں اور آج ان کا بیٹا انہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے معاشرے کے لیے ایک قیمتی اثاثہ بن چکا ہے۔ ڈاکٹر نرگس جوالے کی بہترین پرورش اور والد کی بے لوث خدمت کے اثرات آج ڈاکٹر نوید کے کردار میں جھلکتے ہیں۔
ڈاکٹر نوید نے اپنی ابتدائی تعلیم سینٹ میری ICSE مجگاوں سے حاصل کی، جس کے بعد جے ہند کالج (چرچ گیٹ) میں جونیئر کالج مکمل کیا۔ انہوں نے KJ سمعّیہ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں فورٹس اسپتال (ملنڈ) میں انٹرنل میڈیسن کے میریٹ لسٹ میں جگہ بنا کر اپنی قابلیت ثابت کی۔ اس کے بعد DNB انٹرنل میڈیسن میں پہلی ہی کوشش میں کامیابی حاصل کر کے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید نکھارا۔
ڈاکٹر نوید نے کووڈ-19 کے دوران فرنٹ لائن پر مریضوں کی خدمت کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ نہ صرف ایک بہترین ڈاکٹر ہیں بلکہ خدمتِ خلق کا عظیم جذبہ بھی رکھتے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی محنت کا ثمر ہے بلکہ والدین کی اعلیٰ تربیت اور رہنمائی کا بھی مظہر ہے۔