داپولی (نامہ نگار): کوکن کے کسان اور آم کے باغات کا رشتہ ساری دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔ زمین سے جُڑے اسی رشتے کو مزید بہتر بنانے کے مقصد سے، بروز جمعہ، 07 فروری کو “کوکنی فارمرز گائیڈ” کے تحت ایک اہم اور تاریخی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں کوکن کے مختلف علاقوں سے وہ کوکنی مسلمان حضرات شریک ہوئے جو اپنی زمینوں پر کھیتی، کاشتکاری اور پھلوں کے باغات لگانے کے علاوہ ایگرو ٹورزم، ڈیری، پولٹری اور گوَٹ فارمنگ جیسے کاروبار کے ذریعے متحد و منظم ہو کر اقدامات اُٹھانے کے خواہشمند ہیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر منتظم جناب مناف واڈکر صاحب نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور موجود شرکاء کا مختصر تعارف کرایا۔ جناب حسین دلوی صاحب اور جناب فیض پرکار صاحب نے اپنے عزیز دوست اور عالمی سطح کے مشہور کوکنی سائنسدان، مرحوم مراد برونڈکر صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کے لیے ان کے جذبات کو اجاگر کیا۔
اس اجلاس میں کوکن کے کئی زمیندار حضرات، ایگریکلچر گریجویٹس، بینکرز، کنسلٹنٹس، بزنس مین، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرینِ کوکنی نے زراعت کی اہمیت اور مستقبل کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے اس شعبے میں کام کرنے کے لیے آپس میں تبادلہ خیال کیا۔ نیز کوکن میں زراعت سے متعلق حکومتی فنڈنگ کے استعمال سے بڑے پروجیکٹس کے قیام کے طریقوں پر بھی مشورہ کیا گیا۔
یہ امر قابلِ غور ہے کہ کوکن میں صدیوں سے کاشتکاری اور ماہی گیری بنیادی پیشے اور ذریعۂ معاش رہے ہیں۔ کوکنی مسلمانوں کے پاس آج بھی بڑی بڑی زرخیز زمینیں موجود ہیں، جو اکثر و بیشتر غیر مستعمل اور بے فائدہ پڑی ہوئی ہیں۔ یہ کسان مختلف موسموں میں مختلف فصلیں اُگانے اور مختلف قسم کے پھلوں اور سبزیوں کے باغات لگانے میں مہارت رکھتے ہیں۔
آج کے جدید دور میں کوکنیوں نے آم، کاجو، ناریل، کتھل اور چیکو جیسے پھلوں کی پیداوار اور تجارت میں پورے ملک اور بیرونی ممالک میں اپنا مقام بنا رکھا ہے۔ ان ہی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا بالکل درست ہوگا کہ کاشتکاری کو کوکن میں بڑے پیمانے پر اور منظم ہو کر جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کرنا اب ممکن ہوتا نظر آ رہا ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ کوکنی اپنے آبا و اجداد سے وراثت میں چھوڑی گئی زمینوں کا صحیح طریقے سے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کاشتکاری کے لیے استعمال کریں اور متحد ہو کر بڑے زرعی منصوبے کوکن میں لگانے کی طرف توجہ دیں۔
اس اجلاس میں یہ طے پایا کہ ابتدائی مرحلے میں “ایگرو بزنس ٹیم” کے تحت ایسے کسانوں کے ساتھ مل کر چھوٹی چھوٹی فصلیں اُگانے کا آغاز کیا جائے گا جن کے پاس اپنی زمینیں موجود ہیں۔ ہر موسم میں کوکن کے مختلف علاقوں میں مقامی کسانوں کو فنڈنگ کر کے ان کے ساتھ تجارتی مواقع فراہم کیے جائیں گے اور بعد ازاں موزوں جگہ دیکھ کر طویل مدتی اور بڑے منصوبوں کو ہاتھ میں لیا جائے گا۔ اس گروپ کے ذریعے کوکن کے تمام اضلاع، تھانہ، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ میں منصوبے قائم کیے جائیں گے۔
“کوکنی فارمرز گائیڈ” کے واٹس ایپ گروپ میں پورے خطۂ کوکن سے ایسے حضرات جُڑے ہیں جو کاشتکاری کا نہ صرف شوق رکھتے ہیں بلکہ اس میدان میں مزید وقت لگانے اور معاشی ترقی حاصل کرنے کے خواہشمند بھی ہیں۔ یہ گروپ تمام کوکنی کسانوں اور زراعت سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے +91 9960841975 پر واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک گوگل فارم بھر کر اپنی مکمل تفصیلات دینا لازمی ہوگا، جس کی بنیاد پر گروپ میں شمولیت کی منظوری دی جائے گی۔
اس فورم کے اراکین کا ماننا ہے کہ کوکن میں جو انتہائی زرخیز اور بہترین مناظر والی زمینیں ہیں، ان کا سستے داموں غیر مقامی لوگوں کو بیچے جانا بند ہونا چاہیے اور انہی زمینوں کو چھوٹے بڑے زرعی گروپس بنا کر ترقی دی جانی چاہیے تاکہ پنجاب، کیرالہ اور تلنگانہ جیسے ترقی یافتہ علاقوں کی طرح کوکن میں بھی زراعت کے ذریعے معاشی ترقی کی مثالیں قائم کی جا سکیں۔ “ایگرو بزنس ٹیم” کے تمام اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ کوکنی برادری کے لیے آنے والے وقت میں فارمنگ، زرعی تجارت اور ایگرو ٹورزم کے تینوں شعبوں میں بڑی کامیابی کے راستے کھل سکتے ہیں، اس لیے اس سلسلے میں ہماری قوم کو بیدار کرنا نہایت ضروری ہے۔ اس مقصد کے تحت فورم کے ذریعے کوکنی کسانوں کو متحد کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس میٹنگ میں شریک ہونے والوں میں ڈاکٹر نعیم بانگی، جناب فیض احمد، جناب عبد الستار سروے، جناب حسین دلوی، جناب عرفان چکتے، جناب ارشاد مقادم، جناب محمد کھوٹ، جناب ریاض ناگوٹھنے، جناب حنیف پورکر، جناب نعمان وسئیکر، جناب اقدس تاتلی، جناب اشرف حجوانے، جناب مصطفیٰ حمدانی، جناب ہدایت اینرکر اور ڈاکٹر عیسٰی کرجیکر شامل تھے، جنہوں نے اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا