شریوردھن (نامہ نگار ):شریوردھن میں واقع جیٹی پر ایک فش فارم میں آگ لگنے کی وجہ سے مچھلی کی دو کشتیاں جل گئیں۔ جس میں تقریباً سات سے آٹھ لاکھ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شریوردھن پولیس کی مستعدی کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا، جس پر پولس عملہ کی سراہنا کی جارہی ہے. یہ فش فارم عتیق وسگرے نامی شخص کی ملکیت کا ہے جس میں سمندر سے پکڑی گئی مچھلیاں ڈیپ فریزر میں ذخیرہ کی جاتی تھی اور بڑے بڑے ہوٹلوں نیز کمپنیوں کو فروخت کی جاتی تھیں۔ اس آگ میں فارم کی مچھلیاں اور دیگر سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ ابتدائی اندازہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہوگی ۔
رات کے گشت کے دوران مذکورہ آگ پولیس کانسٹیبل جادھو، اسسٹنٹ فوجدار گبالے، پولس کانسٹیبل نکاجے، تڈوی کے نوٹس میں آئی۔ انہوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مقامی شہریوں کو آگاہ کیا اور شریوردھن میونسپلٹی کے فائر عملہ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔ یہ آگ قریب ہی موجود ایک فائبر بوٹ اور ایک کشتی میں بھی سے لگ گئی جن کے ساتھ مزید دوسری کشتیاں بھی تھیں۔ پولیس نے مقامی شہریوں کی مدد سے دیگر کشتیوں کو ایک طرف منتقل کر دیا ورنہ تمام کشتیاں جل کر خاکستر ہو جاتیں اور ماہی گیروں کا بھاری نقصان ہوتا۔ پولیس کی چوکسی کی وجہ سے کسی بڑے سانحے کو ٹالنے پر پولیس انتظامیہ کو سراہا جا رہا ہے۔