گُہاگر (نامہ نگار): شرنگاری ایجوکیشن سوسائٹی شرنگاری کے ماتحت چلنے والے ادارے شرنگاری پرائمری سیمی انگلش اسکول میں بروز جمعرات ۱۲؍ دسمبر ۲۰۲۴ کو شاندار ون بھوجن کا انعقاد کیا گیا۔ ون بھوجن کے لیے شرنگارتلی کی مشہور جگہ برمارے نرسری کو منتخب کیا گیا۔ نرسری سے سوم جماعت تک کے سبھی طلبہ و طالبات نے اس ون بھوجن کا لطف اٹھایا۔ اساتذہ کی نگرانی میں طلبہ کو برمارے نرسری لے جایا گیا، جہاں بچوں نے بہت ساری سرگرمیوں میں حصہ لیا اور بہت سارے کھیل کھیلے۔
شرنگاری ایجوکیشن سوسائٹی شرنگارتلی کے جوائنٹ سیکریٹری جناب ظہور بوٹ نے بھی ون بھوجن کی جگہ شرکت کرکے نہ صرف پروگرام کو مزید رونق بخشی بلکہ تمام اساتذہ کرام کو ون بھوجن کے شاندار انعقاد پر بھرپور مبارکباد دی۔ ساتھ ہی ساتھ شرنگاری ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی پرنسپل محترمہ شگفتہ میڈم اور ان کے پورے تدریسی عملے نے اس ون بھوجن میں شرکت فرمائی اور اپنی بہترین رہنمائی سے طلبہ اور اساتذہ کرام کو نوازا۔
سبھی اساتذہ اور طلبہ نے بہت ہی خوشگوار اور قدرتی ماحول میں بیٹھ کر کھانے کا لطف اٹھایا اور پھر اساتذہ نے پوری ذمہ داری کے ساتھ تمام طلبہ کو گھر تک پہنچانے کا انتظام کیا۔ اسی طرح شرنگاری اسکول کے تمام اساتذہ کے بھرپور تعاون سے ون بھوجن کا پروگرام پائے تکمیل تک پہنچا۔