مهسله میں آئندہ تعلیمی سال سے داخلوں کا آغاز
مهسله (نامہ نگار): تعلیمی سال ۲۵۔۲۰۲۴ سے سو سیٹوں کے لئے نیٹ ٹیسٹ کے ذریعے باقاعدہ کالج کا آغاز ہوگا۔ مہاراشٹرا کے اردو داں طبقے، خصوصاً اردو میڈیم کے میڈیکل کالج میں داخلے کے خواہشمند طلباء کے لئے یہ ایک بہت بڑی خوشخبری ہے کہ رائیگڑھ ضلع کے مهسله شہر میں تعلیمی سال ۲۵۔۲۰۲۴ سے اردو میڈیم BUMS کالج باقاعدہ شروع ہو جائے گا۔ اس ضمن میں ریاستی میڈیکل تعلیم کے محکمے نے دو روز قبل ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت ۱۰۰ سیٹوں کے لئے جون ۲۰۲۵ میں نیٹ میرٹ کی بنیاد پر ۱۰۰ طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔
فوری طور پر مهسله کے سرکاری اسپتال میں مکمل انفرااسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے اور ۱۰۰ بیڈ کے اسپتال کے ساتھ یہیں پر یہ کالج چلایا جائے گا، جب تک اسپتال اور کالج کی نئی عمارت کا کام مکمل نہیں ہو جاتا۔ اس کے لئے علاقے کے رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے گزشتہ سال کے بجٹ میں زمین مختص کی تھی جسے ریاستی سرکار نے خرید لیا ہے اور کالج و اسپتال کی عمارت کی تعمیر کا فنڈ بھی ریزرو کروایا تھا۔
ریاستی محکمہ طبی تعلیم کے سیکریٹری دنيش واگھمارے نے میڈیا کو بتایا کہ نئی عمارتوں کی تعمیر اور انفرااسٹرکچر کے سیٹ اپ کے لئے ۳ تا ۴ سال لگ جائیں گے۔ لہٰذا فوری طور پر کالج شروع کرنے کے لئے مهسله کے سرکاری اسپتال میں ہیلتھ بورڈ کی گائیڈ لائنز کے مطابق کام شروع ہو چکا ہے۔ بتایا گیا کہ ریاست مہاراشٹر میں سات یونانی میڈیکل کالج ہیں، جن میں چار پرائیویٹ اور تین سرکاری گرانٹ پر چل رہے ہیں جبکہ مهسله کا یہ کالج ریاست کا پہلا سرکاری کالج ہوگا۔
واضح رہے کہ اس کالج کے لئے علاقے کی ایم ایل اے ادیتی تٹکڑے، جو خواتین و اطفال کی ترقی کی کابینی وزیر ہیں، نے ذاتی دلچسپی لی اور پروجیکٹ کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ مہاراشٹر سرکار کا جی آر جاری ہوتے ہی علاقے کے سرکردہ افراد، جن میں ڈاکٹر مشتاق مقادم، ناصر مٹھا گرے، ریاض گھراڈے، ناظم حسوارے، مصطفیٰ پونجیکر، ناظم چوگلے، ریاض اُکئے اور دیگر شامل ہیں، نے وفد کی شکل میں علاقے کے رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے سے ملاقات کی، اُنہیں مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔
مولانا آزاد فائنانشيل کارپوریشن کے چیئرمین مشتاق انتولے نے اس کالج کی منظوری اور اگلے تعلیمی سال سے اس میں باقاعدہ داخلے شروع کرنے کے لئے ۲۶ دسمبر کو ریاستی محکمہ طبی تعلیم کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن پر مسرّت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے، جس کے لئے پورا ضلع اور خاص طور پر اقلیتیں اُن کی ممنون و مشکور ہیں۔
معروف سماجی شخصیت سلیم الوارے نے اس کالج کو کوکن کی مسلم طالبات کے لئے ایک نعمت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طالبات، جو عموماً حجاب میں کالج آتی جاتی ہیں، اب بے خوف ہوکر اپنے ضلع میں ہی میڈیکل تعلیم حاصل کر سکیں گی۔