جمیع جماعت المسلمین کے تعلیمی کیلنڈر 2025 کا رسمِ اجراء
مہاڈ (سیف اللہ پورکر): 30 دسمبر 2024 بروز پیر کو جمیع جماعت المسلمین مہاڈ پولادپور تعلقہ کی جانب سے “ہماری درسگاہیں، ہماری پہچان” کے عنوان سے 2025 کے تعلیمی کیلنڈر کا ہوٹل ویلکم کے کانفرنس ہال میں اجراء عمل میں آیا۔ اس کیلنڈر میں تعلقہ کے تمام تعلیمی اداروں کی معلومات شامل کی گئی ہیں، جن میں مدارس اور اسکولوں کا مختصر تعارف بھی فراہم کیا گیا ہے۔
سالِ گذشتہ جمیع جماعت کی جانب سے مختصر عرصے میں اوقاف کے سلسلے میں معلوماتی ورکشاپ، اسی طرح ڈاکٹر مبارک کاپڑی کا طلبہ کے لیے کریئر گائیڈنس اور اساتذہ کے لیے تعلیمی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا، جو طلبہ اور اساتذہ کی رہنمائی کے لیے اہم ثابت ہوا۔ اس کے علاوہ دستاویزات کی درستگی کے لیے رہنمائی پروگرام بھی منعقد کیا گیا تھا۔ سرگرمیوں کے سلسلے کو آگے جاری رکھتے ہوئے جمیع جماعت کی جانب سے کیلنڈر کا اجراء عمل میں آیا۔
پروگرام کا آغاز جمیع جماعت کے سیکریٹری ڈاکٹر فیاض کالسیکر کی بہترین نظامت سے ہوا۔ اس کے بعد قاری عبدالستار راہٹول نے تلاوتِ کلام پاک سے محفل کو منور کیا، جس کے بعد درود و سلام پیش کیا گیا۔ اس کے بعد جمیع جماعت کے صدر دلدار پورکر نے پروگرام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کیلنڈر کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کیلنڈر نہ صرف تعلیم کے حوالے سے معلومات فراہم کرتا ہے بلکہ علاقے کے مدارس اور اسکولوں کے تعارف کے ذریعے لوگوں کی آگاہی میں اضافہ کرتا ہے۔
رسمِ اجراء کی تقریب علماء کرام، مدارس و اسکولوں کے ذمہ داران، اور جماعت المسلمین کے صدور، سیکریٹریز اور اراکین کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں شریک تمام افراد نے کیلنڈر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مفتی رفیق پورکر مدنی نے کہا کہ یہ کیلنڈر عبادات کے اوقات کی یاد دہانی کے لیے اہم ہے اور مدارس و اسکولوں کی پہچان کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔ مولانا رجب علی برمارے نے رمضان کی مناسبت سے مساجد کی گھڑیوں کے اوقات میں درستگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سحری اور افطاری اپنے وقت پر ہو سکے۔
تقریب کے دوران مفتی رفیق پورکر مدنی اور مولانا رجب علی برمارے نے ایک ایک کیلنڈر ۱۰۰۰ روپے میں خریدا، جبکہ جناب حنیف پورکر نے ۱۰ کیلنڈرز ۱۰۰۰ روپے میں، حافظ مصدق گھولے نے ۱۵ کیلنڈرز ۱۰۰۰ روپے میں، جناب ضمیر تاڑلیکر نے ۲۰ کیلنڈرز ۱۰۰۰ روپے میں، اور جناب محبوب کڑویکر نے ۱۰۰ کیلنڈرز ۲۰۰۰ روپے میں خریدے۔ اس خریداری کا مقصد کارِ خیر میں حصہ لینا اور اس کیلنڈر کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا تھا۔ شرکاء نے کیلنڈر کی تیاری میں شامل تمام افراد کی محنت کو سراہا اور اس کے فوائد پر تبادلہ خیال کیا۔
کیلنڈر کی قیمت صرف ۲۰ روپے رکھی گئی ہے تاکہ ہر فرد اسے خرید سکے اور تعلیمی اداروں کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکے۔ اس میں مہاڈ پولادپور تعلقہ کے مسلمانوں کے زیرِ انتظام مدارس اور اسکولوں کی مختصر معلومات شامل کی گئی ہیں، جس سے علاقے کی تعلیمی صورتحال کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔
جمیع جماعت المسلمین نے اس کیلنڈر کی وسیع پیمانے پر تقسیم کرنے کا ارادہ کیا ہے تاکہ اس کے ذریعے علاقے میں تعلیم کی روشنی پھیلائی جا سکے۔ ادارہ کی جانب سے مزید اصلاحی اور تعلیمی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ تعلیمی ترقی کی راہیں مزید ہموار ہوں اور ہر فرد تک تعلیم کی اہمیت پہنچائی جا سکے۔
پروگرام کے انعقاد کے لیے جمیع جماعت کے اہم عہدیداران، جن میں جناب اکبر ماٹونکر نائب صدر، عبدالحق خلفے خزانچی، حافظ مصدق گھولے نائب خزانچی، عبدالوهاب کاپڑی اور یاسین کربیلكر و دیگر اراکین کا تعاون شامل رہا۔