مرچنٹ نیوی میں اپنا کریئر بنائیں: عرفان چپلونک
مہسلہ (اخلاق اوکے): ہماری قوم کو اللہ تعالیٰ نے روزگار کے لیے وسیع بحر عرب دیا ہے۔ ہمارے آبا و اجداد نے تکالیف سہہ کر سمندری جہازوں پر کام کیا ہے، مگر اب آسانیاں ہونے کے باوجود نئی نسل اس طرف راغب نہیں ہوتی ہے۔ خصوصاً مانگاؤں، مہسلہ، شریوردھن علاقوں سے اس شعبے میں بہت کم لوگ ہیں۔ اسے دیکھتے ہوئے NUSI (National Union of Sea Fares of India) نے ایک عوامی بیداری مہم کا اہتمام کیا ہے۔
اس سلسلے میں توراڈی گاؤں میں ۲۰ دسمبر اور مہسلہ میں ۲۱ دسمبر ۲۰۲۴ کو گھنسار کانفرنس ہال میں ایک پروگرام ناظم سیف الدین چوگلے (صدر جماعت المسلمین) کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس میں سماجی رکن محمد علی دفعدار، شاہد اوکے اور دیگر معزز حضرات نے شرکت کی۔
NUSI کے آرگنائزر ممبر جناب عرفان عمر چپلونکر صاحب نے NUSI کا مختصر تعارف پیش کیا۔ مرچنٹ نیوی میں نئی نسل کو آگے آکر اپنا کریئر بنانے کے تعلق سے رہنمائی کی اور یونین کے دیگر فلاحی کاموں کا ذکر کیا۔
وشال گوجر سر (یوتھ کمیٹی کنوینر) نے طلبہ اور حاضرین کو محنت اور اپنی کوششوں سے فراہم کردہ ترقی کے مواقع کے تعلق سے گفتگو کی۔ لوگوں کو اس کی اہمیت بتائی اور اس سے ملنے والے فوائد کا ذکر کیا۔
وجئے یادو سر نے اس ملازمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ دسویں، بارہویں ہونے کے بعد ITI کرکے ملازمت حاصل کرسکتے ہیں اور پھر مختلف کورسز مکمل کرکے ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے صحیح انسٹی ٹیوٹ کا انتخاب ضروری ہے ورنہ آج کل بہت سے ایجنٹ اپنا الو سیدھا کر رہے ہیں اور لوگ ان کے جال میں پھنس رہے ہیں۔ ان سے ہوشیار رہنے کے لیے بھی ہم آپ کی رہنمائی کے لیے تیار ہیں۔
محمد علی دفعدار نے سامعین کو موبائل کے غلط استعمال اور صحیح استعمال پر توجہ دلاتے ہوئے اپنے دن کا آغاز نماز فجر کی ادائیگی اور تلاوتِ کلام پاک سے کرنے اور اس طرف محنت اور قوت سے آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
شاہد اوکے نے کہا کہ مرچنٹ نیوی کے شعبے سے زیادہ لوگ واقف نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اس طرف نہیں جاتے۔ لہٰذا ایک آفس مہیا ہو تو عوام کی رہنمائی کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔ اس پر صدر جلسہ نے آفس کی ضرورت کو پوری کرنے کی ذمہ داری لی۔ شکریہ کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
پروگرام کی نظامت عبدالصمد کونچالی نے انجام دی۔